۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا محمد عباس انصاری

حوزہ/ مقررین نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کو ایک عہد ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم اپنی ذاتی زندگی میں کئی نشیب و فراز سے گزرے ،مشکل اور کھٹن حالات کے باوجود قوم کی ترجمانی میں ذرا برابر بھی کوتاہی نہ کی اور اپنی زندگی کے انمول تجربات سے تعمیر ملت میں ممتاز کردار ادا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ اتحاد المسلمین جموں و کشمیر اور مدینہ پبلک اسکولز کے بانی،معروف عالم دین و ممتاز مصنف اور سابق حریت چیرمین حجۃ الاسلام والمسلمین مرحوم مولانا محمد عباس انصاری طاب ثراہ کے چہلم کے سلسلے میں ان کے روح پرفتوح کے ایصال ثواب کے لئے عزا خانہ زہرا گنڈ حسی بٹ میں ایک عظیم الشان اور پر وقار مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا جس میں وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے علمائے کرام دانشوروں اور معتقدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروقار مجلس ترحیم میں مقام معظم رہبری کے نمائندہ برائے ہند حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقای مہدی مہدوی پور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔مجلس کا آغاز صبح دس بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد علمائے کرام، دانشور حضرات اور ذاکرین نے الگ الگ انداز میں قائد اتحاد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مقررین نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کو ایک عہد ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم اپنی ذاتی زندگی میں کئی نشیب و فراز سے گزرے ،مشکل اور کھٹن حالات کے باوجود قوم کی ترجمانی میں ذرا برابر بھی کوتاہی نہ کی اور اپنی زندگی کے انمول تجربات سے تعمیر ملت میں ممتاز کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملت ایک بیباک اور عظیم الشان قائد سے محروم ہوگئی اور اس قومی نقصان کی تلافی صدیوں تک ممکن نہیں۔

اپنے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی مہدی مہدوی پور نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کے اوصاف حمیدہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جامع الکمال انسان تھے ان کی تعلیمی سیاسی سماجی اور مذہبی خدمات سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں جنہیں تادیر یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ مرحوم نے وادی کے مختلف مقامات پر جو تعلیمی ادارے قائم کئے اور تعلیمی طور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی تشنگی دور کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے ایران کے حالات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران میں حالات پرامن ہے دشمن کی جانب سے اگر کہی بدامنی پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہے ایران کے غیور عوام اغیار کی ان کوششوں کو ناکام بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کامیابی کے منازل تیزی کے ساتھ طے کررہا ہے دشمن اپنی ہزارہا کوششوں کے باوجوداس مستحکم ومحکم قلعے کو کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔

انہوں نے مولانا مسرور عباس انصاری ،ناصر عباس انصاری اور دیگر لواحقین کو تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے مرحوم مولانا عباس انصاری کے درجات بلند کے لئے دعا کی۔

صدارتی خطاب میں مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ مرحوم مولانا محمد عباس انصاری نے اپنے پیچھے سیاسی تعلیمی فلاحی اور مذہبی ورثہ چھوڑا ہے جس کا تحفظ ہمارا اولین فریضہ ہے یہی مرحوم کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ ملت کشمیر کا سیاسی مستقبل سنوارنے کے لئے جدوجہد کی اور آخری سانس تک اپنے ایک قول وفعل پر ڈٹے رہے جس کے لئے انہیں بارہا جیل کی سختیاں برداشت کرنی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کے حیات اقدس میں بھی اور آج بھی دشمن بے بنیاد اور من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں لیکن ہم آج ایک بار پھر واضع کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے سیاسی موقف میں نہ کھبی تبدیلی آئی ہے اور نہ آسکتی ہے اتحاد المسلمین کے منشور کے مطابق ہم مولانا مرحوم کی طرح اپنے موقف پر ثابت قدم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم سیاست اور مذہب کے تئیں جو مولانا کے خواب تھے انشاء اللہ ان کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوئی قصر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

مجلس ترحیم میں مجلس علمائے امامیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام رسول نوری سمیت کئی جید علمائے کرام نے مولانا محمد عباس انصاری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .